لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ”یہ میری دوبارہ گرفتاری سے قبل آخری ٹوئٹ ہے“ پولیس نے میرے گھر کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ٹوئٹ کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ انتخابات نہ ہوں کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ اگر انتخابات ہوگئے تو عمران خان اقتدار میں آجائے گا ، ان لوگوں کو ملک کے اچھے یا برے سے کوئی سروکار نہیں ہے ، یہ سب مجھے اقتدار میں آنے سے روکنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر عمران خان نے ایک گراف بھی دیکھایا جس میں ان کی مقبولیت 70 فیصد دیکھائی گئی تھی۔
خیال رہے کہ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، تحریک انصاف کو حوالگی کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں۔ عامر میر کے الٹی میٹم کے بعد پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے باہر پہنچ گئی ہے جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی زمان پارک پہنچنا شروع کردیا ہے۔