منشیات فروش

پنکی کے بعد کراچی سے ایک اور بڑی خاتون منشیات فروش گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے گھنانے کاروبار میں ملوث اور درجنوں مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک خاتون کو اس کے دو بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کی سرغنہ کو کامران چورنگی کے پاس سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ منشیات کی سپلائی میں مصروف تھی۔گرفتار ملزمہ ماضی میں کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں منشیات کا سب سے بڑا نیٹ ورک چلانے کی شہرت رکھتی ہے۔پولیس کے پے در پے چھاپوں اور دباﺅ کے بعد وہ گلستانِ جوہر منتقل ہو گئی تھی، جہاں اس نے اپنے گھر کی کھڑکی سے منشیات فراہم کرنے کا انوکھا طریقہ کار اختیار کر رکھا تھا تاکہ گرفتاری سے بچ سکے۔پولیس کا دعوی ہے کہ ملزمہ ہیروئن، چرس اور دیگر مہلک منشیات کا دھندہ کرتی ہے اور اس کے خلاف پہلے ہی 35 مقدمات درج ہیں۔

ملزمہ چند سال قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکی ہے اور دو سال قبل ہی جیل سے رہا ہو کر باہر آئی تھی۔جرم کی اس دنیا میں نہ صرف وہ خود بلکہ اس کا پورا خاندان ملوث ہے؛ ملزمہ کے شوہر اور دونوں بیٹوں پر بھی پہلے سے متعدد مقدمات درج ہیں۔پولیس حکام نے ملزمہ اور اس کے بیٹوں کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ شہر میں موجود ان کے دیگر کارندوں اور منشیات کے ذرائع کا سراغ لگایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں