لاہور (ایجوکیشن ڈیسک)پنجاب یونیورسٹی اور ایم وائی یونیورسٹی اسلام آباد کے مابین علمی، سماجی اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے معاہد ہ طے پا گیا۔
اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اوروائس چانسلرا یم وائی یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی نے شرکت کی۔
معاہدے کی رو سے دونوںجامعات تعلقات کومزید بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کریں گی۔دونوں جامعات علم اور ثقافتی ترقی کیلئے تعلیمی مواد کا تبادلہ، تحقیقی رپورٹس، دوبارہ پرنٹس اور اشاعتیں، فیکلٹی اورسٹاف کی ڈیویلپمنٹ، مشترکہ تحقیقی منصوبے، طلباء کے تبادلے،ٹیکنالوجی اور دیگر پروگرامز کیلئے کام کریں گے۔