مون سون بارشوں اور شمالی علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ ہوا ہے، جب کہ تونسہ اور تربیلا بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 68 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے، جہاں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ اسی طرح نالہ پلکھو کینٹ اور نالہ بسنتر میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم 98 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد تک بھر چکے ہیں، جس کے بعد شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں کے کناروں اور پاٹ میں موجود افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔









