لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کے لیے جدید ٹرانسپورٹ سہولت کے ایک اور منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ ان کی خصوصی کاوشوں سے شنگھائی سی پورٹ سے 100 نئی الیکٹرک بسیں پاکستان روانہ کر دی گئی ہیں جو چند ہفتوں میں پنجاب پہنچ جائیں گی۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دسمبر تک صوبے کے تمام اضلاع میں یہ بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی اور ان کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ ہر شہری کم لاگت میں آرام دہ سفر کر سکے۔
مریم نواز نے بتایا کہ ان بسوں میں جدید سہولیات شامل ہیں جن میں ایئرکنڈیشنڈ سسٹم، اندرونی ماحول کنٹرول، اور خواتین کی حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ شامل ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کو معیاری سفری سہولت دے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔









