لاہور (صحت ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب میں آشوب چشم کا پھیلائو تیزی سے جاری ہے جس کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے صوبے بھر کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔
ڈی جی ہیلتھ پنجاب نے تمام ضلعی اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا۔محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے انفیکشن سے شہری متاثر ہورہے ہیں۔انفیکشن کے حوالے سے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کھانسی، چھینک اور ہاتھ لگانے سے وائرس منتقل ہوتا ہے۔محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ ہینڈ سینیٹائزرز کا استعمال لازمی شروع کردیا جائے۔
حفاظتی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہاتھ دھوئے بغیر آنکھوں کو ہاتھ مت لگائیں۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق آنکھوں کے انفیکشن والے مریض کی چیزیں استعمال نہ کی جائیں۔ مریض کا تکیہ، کپڑے، ادویات، عینک کو الگ رکھا جائے۔ مریض انفیکشن کے دوران چہرے کے استعمال کی چیزوں کو دوبارہ استعمال نہ کریں۔