وزیر تعلیم پنجاب

پنجاب حکومت کا طلباکو 6 کروڑ سے زائد کی اسکالرشپس کااعلان،سند ھ اور کے پی کے طلبا مستفید

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے 500 طلبا کو 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسکالرشپس دینے کا اعلان کردیا گیا، اسکالرشپ پروگرام سے سندھ اور خیبرپختونخوا کے طلبا بھی مستفید ہو رہے ہیں۔تفصیل کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کےلئے پنجاب حکومت کی جانب سے اسکالرشپس کا تحفہ لے کر اسکردو پہنچ گئے۔

وزیر تعلیم پنجا ب کل(منگل کو) ایک تقریب کے دوران گلگت بلتستان کے 7 تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے تقریبا 500 طلبا میں 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسکالرشپس تقسیم کریں گے۔رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم میں کسی بھی قسم کی تفریق پر یقین نہیں رکھتی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف تمام صوبوں کے نوجوانوں کو ایک جیسے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی قائل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب “ہونہار اسکالرشپ اسکیم میں تمام صوبوں کے طلبا کے لیے کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، جس سے اس وقت سندھ اور خیبر پختونخوا کے طلبا بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ وہ چند دنوں میں آزاد کشمیر کے طلبا کےلئے بھی اسکالرشپس کا تحفہ لے کر جائیں گے اور وزیراعلی پنجاب کی جانب سے آزاد کشمیر کے نوجوانوں سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں