لاہور(ہیلتھ رپورٹر) پشاور سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ شمیم رحمت کا لاہور جنرل ہسپتال میں بلا معاوضہ کامیاب علاج کیا گیا ہے۔ مریضہ کے اہلِ خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پالیسی کے مطابق شمیم رحمت کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی پر انہیں دعائیں دیں اور پنجاب کے ہسپتالوں میں انقلابی اقدامات کی تعریف کی ۔
اس موقع پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں آنے والا ہر مریض ہمارے لیے وی آئی پی ہے۔ ان کی بہتر نگہداشت ہمارا ماٹو ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے ڈی ایم ایس ڈاکٹر صنم اللہ یار اور ڈاکٹر سندس طاہر کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری، بہترین فیڈ بیک سروس، دوسرے صوبے سے آنے والے مریضوں کی مسلسل نگرانی اور ان کی بہترین نگہداشت پر خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا.
تفصیلات کے مطابق شمیم رحمت امراضِ نسواں میں مبتلا تھیں۔ خیبر پختون خواہ کے مختلف ہسپتالوں میں علاج ناکام ہونے کے بعد اہلِ خانہ مایوس ہو کر انہیں پنجاب لے آئے جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ بلا امتیاز بہترین طبی سہولیات کی پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جنرل ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
گائنی یونٹ ون کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل کی زیر نگرانی ان کی ٹیم نے مریضہ کا تفصیلی معائنہ کیا، تمام ضروری تشخیصی ٹیسٹ کرائے اور علاج شروع کیا اور یوٹرس کی کامیاب سرجری کے نتیجے میں شمیم رحمت صحت یاب ہوئی۔ مریضہ کے والد شفیع الرحمن نے کہا کہ مریم نواز شریف کے صحت کے شعبے میں کیے گئے انقلابی اقدامات کی تعریف کے الفاظ نہیں اور ان کے لیے پوری قوم دعاگو ہے۔ مریضہ کے شوہر رحمت اللہ نے ہسپتال کے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر ندرت سہیل اور ہیلتھ پروفیشنلزکے خوش اخلاق، مہمان نواز اور ہمدردانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے دل جیت لیے ہیں.
ایم ایس پروفیسر فریاد حسین کہتے ہیں کہ ڈاکٹرز نے اپنی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت، مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے اور بروقت فیڈ بیک سسٹم سے نہ صرف شمیم رحمت کی صحت یابی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ لاہور جنرل ہسپتال کی نیک نامی میں اضافہ کیا ہے۔ ان کی خدمات صوبائی حکومت کی صحت کی پالیسی کے مطابق دوسرے صوبوں کے مریضوں کو بھی بلا امتیاز بہترین علاج مہیا کرنے پر ایل جی ایچ انتظامیہ ان جیسے ہیلتھ پروفیشنلز پر فخر کرتی ہے۔
***