لاہور(کورٹ رپورٹر) پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو غیر ظاہر شدہ مقدمے میں گرفتار نہ کرنے اور حفاظتی ضمانت دینے کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی ۔
اپیل پنجاب حکومت کی جانب سے بذریعہ چیف سیکرٹری دائر کی گئی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سنگل بنچ نے پرویز الہی کی درخواست پر حقائق کے منافی فیصلہ دیا۔تحقیقات کرنے والے متعلقہ ادارے قانون کے مطابق پرویز الٰہی سے تفتیش کر رہے ہیں، عدالتی فیصلے میں سنگل بنچ نے قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا ہے۔
استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔پنجاب حکومت کی اپیل میں پرویز الٰہی ، اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔