پاکستان ہاکی فیڈریشن

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا قومی ہاکی کیلنڈر 27ـ2026 کا اعلان

اسلام آباد (سپورٹس نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی کیلنڈر 27ـ2026 کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد میں 6 بڑے نیشنل ایونٹس شیڈول،خواتین، جونیئرز اور اسکول لیول پر ٹیلنٹ ابھارنے پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ڈومیسٹک ہاکی کیلنڈر 27ـ2026 کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام صوبائی محکمہ جات، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹس، بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، یونیورسٹیوں، ڈسٹرکٹ اسپورٹس اتھارٹیز، ہاکی ایسوسی ایشنز اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر تیاریاں شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پی ایچ ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئے ڈومیسٹک سیزن کا بنیادی مقصد ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو نچلی سطح سے مضبوط بنانا ہے، جس کے تحت اسکولوں سے لے کر ایلیٹ لیول تک بوائز، گرلز، جونیئرز، خواتین اور سینئر کھلاڑیوں کو بہترین مسابقتی ماحول اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

قومی ایونٹس کی تفصیلات کے مطابق نیشنل ویمنز ہاکی چیمپئن شپ2 جولائی سے 11 جولائی 2026ئ،نیشنل انڈرـ15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ 12 نومبر سے 22 نومبر 2026ء ،نیشنل انڈرـ21 ہاکی چیمپئن شپ2 جنوری سے 12 جنوری 2027ء ،نیول کپ (سینئر مینز) 16 مارچ سے 26 مارچ 2027ئ،چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ،5 اپریل سے 15 اپریل 2027ء ،نیشنل بینک گولڈ کپ: 25 اپریل سے 5 مئی 2027ء شامل ہیں ،پی ایچ ایف نے تمام تعلیمی اداروں، کالجوں، اسکولوں، ڈسٹرکٹ اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایونٹس میں بھرپور اور معیاری شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیلنٹ ہنٹ ، کوچنگ کیمپس اور انٹرـاسکول و انٹرـڈسٹرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد وقت سے پہلے شروع کریں۔

اعلامیے میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ قومی ہاکی کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا وقار واپس پانے کے لیے تعلیمی اداروں اور صوبائی اسپورٹس اسٹرکچر کا متحرک ہونا ناگزیر ہے۔ صوبائی حکام اسکولوں اور کالجوں کی ٹیموں، بالخصوص انڈرـ15، انڈرـ18 اور ویمن چیمپئن شپس میں شرکت کے لیے تعلیمی اداروں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ فیڈریشن کے مطابق ایونٹس میں شرکت کے تفصیلی ضوابط اور کھلاڑیوں کی اہلیت کا معیار پی ایچ ایف کمپٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جلد الگ سے جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں