امریکا کے دورے پر موجود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے لیکن پاکستان ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی "برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین” ہیں، جو ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ فیلڈ مارشل نے افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہوں، بالخصوص "فتنہ الخوارج” کے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف آخری فصیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی نے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا، مگر پاکستان نے تحمل اور پیشہ ورانہ مہارت سے اسے وسیع تر تنازعے میں بدلنے سے روکا۔ انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص امریکا، سعودی عرب، یو اے ای اور چین کے ساتھ بڑھتے تعلقات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا۔









