لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں باصلاحیت خواتین کرکٹرز کی تلاش کی حکمت عملی کے تحت گراس روٹ لیول پر ٹرائلز کا انعقاد کریگا ٹرائلز 23 سے 31 اگست تک آٹھ اکیڈمیز کے منعقد ہونگے۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق یہ ٹرائلز مختلف عمر کی خواتین کرکٹرز کو اپنی صلاحیت دکھانے اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرینگے۔ان ٹرائلز کی نگرانی قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کرے گی جس کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر ہیں اور اس میں سابق انٹرنیشنل کرکٹرز مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔
یہ ٹرائلز تین کیٹگریز انڈر 19( کھلاڑی کی پیدائش یکم ستمبر2004 یا اس کے بعد کی ہو ) ایمرجنگ اور سینئر میں ہونگے۔ٹرائلز سے سلیکشن کمیٹی کو ٹیلنٹ تلاش کرنے اور پاکستان انڈر 19۔ اور ایمرجنگ اسکواڈز کے سلیکشن میں مدد ملے گی۔پاکستان ایمرجنگ ٹیم اکتوبر میں ویسٹ انڈیز ایمرجنگ اور پاکستان انڈر 19 ٹیم بنگلہ دیش میں جنوری 2024 میں انڈر 19 کے تین ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔
ویمنز کرکٹ کی ہیڈ تانیہ ملک کے مطابق ہم نے حال ہی میں پہلی مرتبہ 74 خواتین کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹس کا اعلان کیا ہے جس نے خواتین کرکٹ کے روشن مستقبل کے ضمن میں ایک شکل واضح کردی ہے،ملک گیر ٹرائلز کے ذریعے ہم نئی باصلاحیت کرکٹرز کو آگے لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
آنے والے دنوں میں خواتین کرکٹرز کے کئی ایونٹس ہیں اور ان ٹرائلز سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی تاکہ سلیکٹرز انہیں قومی اسکواڈز کے لیے زیرغور لاسکیں۔آٹھ اکیڈمیز کے خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز کا شیڈول کر دیاگیا، 23 اگست کو حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی،23 اگست کوانضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان،24 اگست کوویمن اسپورٹس سینٹر بہاولپور،24 اگست کوکینرڈ کالج فار ویمن لاہور،28 اگست کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم۔ راولپنڈی/ اسلام آباد ریجنز،29اگست کو قیوم اسٹیڈیم پشاور،30 اگست کوایبٹ آباد اسٹیڈیم ایبٹ آباد اور 31 اگست کوبگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں ہونگے ۔