ٹرمپ

ٹرمپ کے انتباہ کے چند گھنٹوں بعد تائیوان کا اپنی خود مختاری پر زور

تائی پے (نیوز ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تائیوان کو باضابطہ آزادی کے اعلان سے خبردار کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد تائیوان نے ہفتے کے روز ایک بار پھر خود کو خودمختار اور آزاد ریاست قرار دیا۔تائیوان کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ تائیوان ایک جمہوری، خودمختار اور آزاد ملک ہے، وہ عوامی جمہوریہ چین کے تابع نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا کی جانب سے تائیوان کو اسلحے کی فروخت واشنگٹن کی سکیورٹی ذمہ داریوں کا حصہ ہے، یہ علاقائی خطرات کے خلاف مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی کی ایک شکل ہے۔

تائیوان کے نائب وزیر خارجہ چن مینگ چی نے ہفتے کے روز کہا کہ امریکا کی جانب سے تائیوان کو اسلحے کی فروخت خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمیشہ ایک بنیادی ستون رہی ہے، یہ امر امریکی قانون میں بھی واضح طور پر شامل ہے۔

تائی پے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تائیوان اضافی اسلحہ فروخت کے معاملے پر امریکی مقف کو سمجھنے اور رابطے جاری رکھنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں