ڈیموکریٹ رہنما اور نیویارک کے میئرشپ کے امیدوار ظہران ممدانی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں گرفتاری، ملک بدر کرنے اور شہریت ختم کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ممدانی کے مطابق یہ دھمکیاں ان کی آواز کو دبانے کی کوشش ہیں، کیونکہ وہ ان پالیسیوں کے خلاف بول رہے ہیں جو محنت کش طبقے کے خلاف ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممدانی نے کہا، "میں ٹرمپ کی ان دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں۔ میرا مشن ہے کہ میں نیویارک کے ان شہریوں کے لیے آواز اٹھاؤں جو مہنگائی، اجرتوں میں کمی اور رہائشی مسائل کی وجہ سے شہر چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں جو وعدے کر رہے تھے—خصوصاً مہنگائی پر قابو پانے کے—ان پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اور اب ان کی توجہ ہٹانے کے لیے مجھ پر ذاتی حملے کر رہے ہیں۔
دوسری طرف، ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ اگر ظہران ممدانی نے امیگریشن حکام (ICE) کو ان کے کام سے روکا، تو انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے ممدانی کے حامیوں کو بھی "پاگل” قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ظہران ممدانی نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر صورت نیویارک کے عام شہریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ "میں نہ جھکوں گا، نہ ڈرُوں گا، اور نہ ہی پیچھے ہٹوں گا۔”









