ممبئی (سپورٹس ڈیسک) دنیائے کرکٹ میں اپنا لوہا منوانے والے بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی نے ورلڈ بیسٹ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو خوبصورت الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
کرکٹر ویرات کوہلی نے اپنیانسٹاگرام پر رونالڈو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک تعریفی نوٹ لکھا ہے۔اس انسٹاگرام پوسٹ پر ویرات کوہلی کا کرسٹیانو کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ کوئی بھی ٹرافی یا کوئی بھی ٹائٹل آپ سے چھینا نہیں جا سکتا، آپ نے دنیا بھر کے شائقین کے لیے بہت کچھ کیا ہے، آپ نے اپنی متاثر کن شخصیت اور کھیل سے عوام پر گہرا اثر ڈالا ہے، یہ خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔ویرات نے کہا کہ کرسٹیانو کو ملنے والی شہرت اور عزت ایک حقیقی نعمت ہے، آپ ہر بار اپنے دل سے کھیلتے ہیں، آپ ہمیشہ کے لیے میری نظر میں سب سے بڑے کھلاڑی رہیں گے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 ء میں تاحال اپ سیٹس کا سلسلہ جاری ہے، برازیل کے بعد پرتگال بھی میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔فیفا ورلڈ کپ 2022 ء کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو ہرا کر پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔