اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ سال حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنےکی ہدایت دیتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور سے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ طلب کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پروزارتِ مذہبی امور نے حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیےہوم ورک کا آغاز کردیا ہے، مجوزہ منصوبے کے تحت آئندہ حج آپریشن کے زیادہ ترمراحل آن لائن اورجدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے،جبکہ حج درخواست، تصدیق اور ادائیگی کے نظام کو مزید مثر اور جدید بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عازمینِ حج کےلیے ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانےکی تجویز زیرِغور ہے، جس کے ذر یعے حج سے متعلق تمام مراحل کوایک ہی نظام سے منسلک کیاجائےگا،اس منصوبے میں نادرا،بینکاری نظام اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیٹا کو بھی باہم مربوط کرنے کی سفارش شامل ہے۔
ذرائع نےبتایا کہ حج انتظامات میں شفافیت،رفتار اورسہولت بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائےگا،انسانی مداخلت کم کرکے خودکار نظام کو فروغ دیاجائےگا،جبکہ شکایات کےاندراج اورانکے ازالے کے لیے بھی جدید ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرایا جائے گا۔وزارتِ مذہبی امور کے حکام مختلف اداروں سے تکنیکی مشاورت کررہےہیں،جبکہ وزیراعظم کو جلد حج ڈیجیٹلائزیشن پرتفصیلی بریفنگ دی جائےگی،حتمی منظوری کے بعد یہ ڈیجیٹل اصلاحات آئندہ حج پالیسی کا باقاعدہ حصہ بن جائیں گی۔