اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ملاقات کی جس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گورنر سندھ کو صوبے میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا خود دورہ کرنے اور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد پہنچائے جائیں۔
گورنر سندھ نے جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو سندھ کے عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کو بھی سراہا گیا۔ وزیراعظم نے گورنر سندھ کو فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد دی اور حج انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ گورنر سندھ نے حکومتِ پاکستان کے حج انتظامات کو بہترین، مؤثر اور قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حجاج نے انتظامات پر مکمل اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭٭