اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے جمعہ کو الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مستقبل کی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سفیر خضر فرہادوف کی تعیناتی کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے اپنے گزشتہ اڑھائی برس کے دوران آذربائیجان کے متعدد دوروں اور جولائی 2024ئ میں صدر الہام علییف کے دورہ پاکستان کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سفیر فرہادوف کے دورِ تعیناتی میں قائم ہونے والی مضبوط بنیادیں مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سفیر خضر فرہادوف کے لیے آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سفیر خضر فرہادوف نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کو اپنے سفارتی کیریئر کا ایک یادگار باب قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے آذربائیجان کے عزم کا اعادہ کیا۔ خضر فرہادوف نے وزیراعظم کو اپنے خاندان کے پاکستان میں قیام کے تجربات پر مبنی ایک کتاب بھی پیش کی۔