کیف(انٹرنیشنل نیوز)یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین پر الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ماہ طیارہ حادثہ میں واگنر سربراہ پریگوژن کی موت کے پیچھے پوتین ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک تقریر میں زیلنسکی نے مزید کہا اس نے پریگوژن کو مارا ۔ کم از کم ہم سب کے پاس یہ معلومات ہیں کہ اس کے پیچھے کوئی اور نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ روسی صدر اب سیاسی طور پر کمزور ہو چکے ہیں۔
23 اگست کو ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ جانے والا ایک طیارہ گر کر تباہ ہونے سے واگنر گروپ کے سربراہ پریگوژن اور دیگر 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ٹھیک دو ماہ قبل پریگوژن نے اپنے جنگجوئوں کے ساتھ ایک مختصر مدت کی بغاوت کی قیادت کرتے ہوئے روس کی اعلی فوجی کمان کو کھلم کھلا چیلنج کیا تھا۔
اس دھمکی سے صورت حال کے خانہ جنگی میں تبدیل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ مبصرین کے مطابق یہ صورت حال پوتین کی حکمرانی کے لیے سب سے اہم چیلنج تھی۔پریگوژن نے بیلاروس کی ثالثی کے ذریعے کریملن کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد بغاوت کو ختم کر دیا تھا۔ اس کے بعد پریگوژن کو کسی مجرمانہ مقدمے کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔