اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے خود والدین سے کہا کہ ان کی شادی جلدی کردیں۔
ایک انٹرویومیں ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے اپنی شادی کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر زندگی ٹھہرسی گئی تھی۔ بعد ازاں مسکراتے ہوئے کہا کہ زندگی میں آنے والی اچھی تبدیلی ہمیشہ اچھی رہتی ہے، کسی بھی انسان کی زندگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی، 16 سال کی عمر اور 25 سال کی عمر میں زندگی میں فرق آجاتا ہے، اگر میں آج 25 سال والی حرکتیں کروں تو وہ اچھا بھی نہیں لگے گا نہ مجھ پر سوٹ کرے گی۔
اپنی شادی پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں چاہتا تھا میری شادی جلدی ہوجائے تاکہ زندگی کا نظم و ضبط بن جائے، میں نے خود والدین سے کہا تھا کہ وہ میرے لیے لڑکی دیکھنا شروع کردیں کیوں کہ میرا خیال ہے شادی کیلئے والدین کی پسند سب سے بہتر ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ 17 سے 24 سال کی عمر تک ہم خود کو عقلمند اور سامنے والے کو بیوقوف سمجھتے ہیں تاہم درحقیقت بڑے بڑے ہی ہوتے ہیں، وہ ڈگریوں سے نہیں زندگی کے تجربے سے بڑے بنتے ہیں اور یہ تجربہ کئی ڈگریوں سے بڑھ کر ہے۔انہوں نے کہا میں نے سوچا تھا کہ اگر والدین کا فیصلہ بہتر نہیں ہوا تو دوسری شادی کرلیں گے لیکن الحمد اللہ میں بہت خوش ہوں۔