پشاور (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن سید جمال شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کےلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ہفتہ کو ریڈیو پاکستان پشاور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید جمال شاہ نے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی مینڈیٹ پاکستان کے تمام صوبوں میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن جلد عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 10 مئی کو ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے دفاتر پر حملہ ناقابل معافی جرم ہے، حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے‘وفاقی وزیر نے حملے کے بعد ریڈیو پاکستان پشاور کی ٹرانسمیشن کی تیزی سے بحالی پر پی بی سی کے ملازمین کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو جلد از جلد بحال کرنے کی درخواست کریں گے‘انہوں نے اپنی وزارت کی جانب سے پی بی سی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ میرا ریڈیو پاکستان سے قریبی تعلق ہے اور میں نے پی بی سی کوئٹہ اسٹیشن کے پروگراموں میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سیاستدان ہیں جنہوں نے 30 سال جیلوں میں گزارے لیکن ان کے کارکنوں نے کبھی قومی اداروں پر حملہ نہیں کیا، 9 مئی کی توڑ پھوڑ کے بعد ایک سوشل میڈیا پارٹی عوام کے سامنے بے نقاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ سے ان کو زیادہ تکلیف ہوئی، گمراہ کن لوگوں نے پی بی سی کے میوزک اور ڈراموں کے ٹرانسکرپٹس اور دیگر ریکارڈ کے نادر آرکائیوز کو آگ لگا دی اور قومی نشریاتی ادارے کو بھاری نقصان پہنچایا۔
سید جمال شاہ نے کہا کہ گمراہ کن عناصر نے قومی نشریاتی ادارے کی آواز کو بند کرنے کے لیے ریڈیو پاکستان پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے۔سید جمال شاہ نے کہا کہ پاکستان متنوع ثقافت، زبانیں اور بھرپور تاریخ رکھنے والا منفرد ملک ہے‘انہوں نے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کی تعلیم اور معلومات کے لیے اس کے تنوع اور ورثے پر تین سے پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز دی اور اس مقصد کے لیے انہوں نے علم پر مبنی روادار معاشرے کےلیے معلوماتی ویڈیوز اور دستاویزی فلموں سمیت ڈیجیٹل میڈیا ٹولز کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا‘
انہوں نے کہا کہ آگاہی طاقت اور درست فیصلوں کا ذریعہ ہے، تشدد اور عدم برداشت جمہوریت کے علاوہ سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے نقصان دہ ہے‘انہوں نے بقائے باہمی اور قومی ہم آہنگی کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا‘انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے جس نے ہمیں شناخت سمیت سب کچھ دیا اور اس کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کر کے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مالیاتی فوائد کے لیے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی ملک کی ابتر معاشی صورتحال کی ایک وجہ ہے‘انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ڈالر ذخیرہ کرنے سے گریز کریں اور پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لیے انتھک محنت کریں ‘جمال شاہ نے کہا کہ ہمارے شاعر، فنکار اور ادیب اپنے علم کو لوگوں تک پہنچانے پر یقین رکھتے ہیں اور معاشرے کی اصلاح میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتو کے عظیم شاعر رحمان بابا اور خوشحال خان خٹک نے اتحاد، اپنی صلاحیتوں اور حب الوطنی پر یقین کے لیے اپنا قلم استعمال کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہیں پی بی سی حکام نے 9 اور 10 مئی کے واقعات، نقصانات اور بحالی کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔