لاہور(کرائم رپورٹر) سبزازار کے علاقے ہجویری ٹائون میں نوجوان کی سات سالہ معصوم بچی کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کی ویڈی منظر عام پر آگئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج پر والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزازار ہجویری ٹائون کی گلی میں ایک نوجوان سات سالہ بچی کو گھر سے باہر نکلنےپر پکڑ لیتا ہے اور گلی خالی دیکھ کر اسے کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات شروع کردیتا ہے۔ پہلے وہ بچی کو اٹھا کر گود میں لیتا ہے پھر اس کا منہ چھومتا ہے اورپھر گلی کے چاروں اطراف دیکھتاہے۔ گلی کے کونے پر لگے کیمرے میں اسکی یہ حرکات ریکارڈ ہوجاتی ہیں۔
محلے دار جب اپنا سی سی ٹی وی کیمرہ چیک کرتا ہے تو اس یہ ویڈیو نظر آتی ہے جسے وہ سوشل میڈیا پر وائرل کردیتا ہے سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آتی ہےاور اس بچی کے والد محمد آصف کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جاتا ہے۔
ایس پی صدر غضنفر عباس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزم کو شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جلد ہی اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔
غیر سرکاری تنظیم ساحل کے ریکارڈ کے مطابق روزانہ 13 بچوں کو ملک بھر میں زیادتی اور بدفعلی کا نشانہ بنایا جاتاہے۔ لیکن پولیس میں یہ کیس کم رپورٹ ہوتے ہیں۔ بحثیت ایک معاشرہ ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں کی سخت نگرانی کریں اور اپنے محلے میں ہر ایک شخص پر نظر رکھیں اور مشکوک افراد کے بارے میں فوری جانچ پڑتال کریں تاکہ ہم اپنے بچوں کو ایسے درندوں سے بچا سکیں۔