پر سکون نیند

ناکافی نیند انسان کو کم توانائی والا، چڑچڑا اور کم توجہ کا حامل بنا دیتی ہے،نئی تحقق

واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز)ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی اصل عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرتا ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ معیاری نیند کی کمی ہو سکتی ہے۔سلیپ نامی طبی جریدے میں شائع ہونے والی اور نیشنل سلیپ فانڈیشن کی قیادت میں ہونے والی تحقیق میں 3 ہزار 100 سے زائد بالغ افراد کا جائزہ لیا گیا۔

شرکا سے پوچھا گیا کہ وہ خود کو کتنی عمر کا محسوس کرتے ہیں، جس کے بعد ان کی نیند کے معیار، نیند کے معمول اور دن کے وقت کی تھکن کا موازنہ کیا گیا۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو افراد اپنی حقیقی عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرتے تھے، ان میں بے خوابی، بے ترتیب نیند، دن بھر تھکن اور جسمانی صحت کے مسائل زیادہ دیکھے گئے۔ماہرِ نفسیات جوناتھن ایلپرٹ کے مطابق ناکافی نیند انسان کو ذہنی طور پر دھندلا، کم توانائی والا، چڑچڑا اور کم توجہ کا حامل بنا دیتی ہے، جس سے وقت سے پہلے بڑھاپے کا احساس پیدا ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص مسلسل تھکاوٹ یا کمزوری محسوس کر رہا ہو تو اسے صرف عمر کا اثر سمجھنے کے بجائے اپنی نیند کے معیار پر بھی توجہ دینی چاہیے۔محققین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی ہے، اس لیے اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ناقص نیند ہی بڑھاپے کے احساس کی براہِ راست وجہ ہے، بلکہ دونوں کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں