ممبئی(شوبز ڈیسک)23سال قبل مشہور فلم کہو نا پیار ہے سے بالی ووڈ میں انٹری دے کر لاکھوں دلوں پر راج کرنیوالے اداکار ہریتک روشن نے کہا ہے کہ ان کی اگلی فلم فائٹر میں لڑاکا طیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔
اپنی 49ویں سالگرہ منانے والے ہریتک روشن نے سالگرہ کے موقع پر اگلی فلم فائٹر اور آنے والی دیگر فلموں کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو نے بتایا کہ 2024میں ریلیز کیلئے پیش کی جانے والی ان کی فلم فائٹر کی عکسبندی میں اصلی طیاروں کا استعمال کیا گیا ہے اور ان طیاروں پر اسٹنٹس بھی کئے گئے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ آسام میں فلم فائٹر کی شوٹنگ کا تجربہ ناقابل یقین رہا ہے اس فلم کی تیاری کیلئے بھارتی ائیر فورس سے تعاون کیا گیا ہے اور ائیر فورس کے نوجوانوں کو دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔مشہور فلم کوئی مل گیا کے سیکوئل کرش کی 3 فلموں کے بعد ہرتیک نے کرش 4 کو جلد متعارف کروانے کا بھی عندیہ دیا ہے.
جبکہ اداکار نے بتایا کہ ان کی ایکشن تھرلر فلم وار کے سیکوئل پر بھی کام جاری ہے۔کرش 4 کی کہانی کیا ہوگی اس سوال کے جواب میں ہریتک نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کرش 4 میں جادو مر جائے اور کرش ہار جائے مگر یہ فیصلہ میں پروڈیوسرز پر چھوڑتا ہوں کہ وہ فلم کا اعلان کریں اور مجھے لگتا ہے اعلان جلد ہو جائے گا۔