اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے جنرل سیکرٹری رانا محمود نے کہا ہے،
کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہمارے قائد میاں نوازشریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ملکی محب وطن جماعتوں کے تعاون سے 16 ماہ کے مختصر عرصے میں ملکی معیشت کو سنبھالا، ملک کو ڈیفالٹ ہونے بچایا اور آئینی مدت مکمل ہوتے ہی اپنی حکومت کو ختم کرتے ہوئے ملک میں انتخابات کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے بتایا کہ فرانس میں مقیم کمیونٹی متحد ہے تاہم چند عناصر ایسے ہیں جن کی وجہ سے کمیونٹی منتشر نظر آتی ہے، 14 اگست کو (ن) لیگ شیڈول کے مطابق جشن آزادی کے پروگرام منعقد کرے گی۔مسلم لیگ (ن) فرانس کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ بعض عناصر یوم آزادی کے موقع پر بھی احتجاج کے نام پر ملک وقوم کے خلاف مظاہرہ کرکے کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں ـ
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین گرفتار ہوئے عدالتوں سے سرخرو ہوئے مگر ہماری جماعت کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بیرون ممالک ملک کے خلاف احتجاج نہیں کیا،ہم سب کو جمہوری سوچ کی طرف آگے بڑھنا چاہئے تاکہ ملک وقوم ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔رانا محمود نے کہا کہ جلد ہی میاں نواز شریف پاکستان پہنچ کر پارٹی کی قیادت کریں گے اور ان کی قیادت میں (ن) لیگ انتخابات میں کامیاب ہوگی۔