لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے مڈل اوورز میں زیادہ موثر بیٹنگ کی ضرورت ہے۔
پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ پر مسلسل کام جاری ہے کیونکہ ہمارا ہدف آئندہ ڈیڑھ سال میں بہترین ممکنہ ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ تیار کرنا ہے۔مائیک ہیسن نے بتایا کہ حالیہ وائٹ بال کیمپ نے نئے ٹیلنٹ کو جانچنے کا بہترین موقع فراہم کیا، نوجوان کھلاڑیوں میں صلاحیت موجود ہے تاہم انہیں مزید محنت اور وقت درکار ہے۔مائیک ہیسن نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے ساتھ ان پر صبر کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوںنے کہاکہ پاور پلے میں مزید وکٹیں حاصل کرنے اور بولنگ میں تسلسل لانے پر توجہ ہے، فٹنس میں بہتری سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے، آسٹریلیا مضبوط حریف ہے، شائقین ٹیم اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت کریں۔مائیک ہیسن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے شائقین پُرجوش ہیں اور ان کی حمایت ٹیم کے لیے بہت اہم ہے۔