ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے طلبہ احتجاج کے خلاف کریک ڈاﺅن پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نصیر الدین شاہ نے سینئر صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے دہلی میں جاری طلبہ کے احتجاج اور صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے اپنائے گئے طریقے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بھارتی وزیرِاعظم پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی میں جو کچھ ہوا اسے دیکھ کر مجھے بالکل حیرت نہیں ہوئی، مودی نے کب ایمانداری سے کسی چیز کے بارے میں بات کی ہے؟ کیا انہوں نے کبھی اپنی کسی غلطی کی ذمے داری قبول کی ہے؟ کیا انہوں نے کبھی اس حقیقت کو قبول کیا ہے کہ وہ بھی غلطی پر ہو سکتے ہیں؟ نہیں کیا۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ مودی کو پارسا بنا کر پیش کیا گیا ہے اور انہوں نے جو یہ جادو بظاہر کیا ہے اسے دیکھنا حیرت انگیز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ کیا اس آدمی سے سوال کرنے والا کوئی نہیں ہے؟ جھوٹ پر جھوٹ بولا جاتا ہے، مودی کبھی بھی پریس سے بات نہیں کرتے کیونکہ وہ ڈرتے ہیں۔