لاہور(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ "اقتصادی لانگ مارچ” کی ضرورت ہے کیونکہ معیشت مضبوط کیے بغیر سفارتی و دفاعی کامیابیوں کو دیرپا نہیں بنایا جاسکتا ہے۔لاہور میں ہیلتھ ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک شدید معاشی بحران کا شکار تھا تاہم حکومت کے دانشمندانہ فیصلوں اور مشکل اقدامات کے باعث پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکال لیا گیا ہے،
انکا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور اسی کے ساتھ معاشی اشارے بھی بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان نے سفارتی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ دفاعی محاذ پر بھی دشمن کو موثر جواب دیا گیا ہے، انہوں نے تیل کی قیمتوں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہتی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں خطرناک حد تک بڑھ جاتیں جس کا براہ راست اثر عام شہری پر پڑتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں کشیدگی کم ہوئی ہے جس خطے میں امن کے امکانات پیدا ہوئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم معاشی استحکام کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرے۔
وفاقی وزیر نے نوجوان پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ دیں کیونکہ مستقبل کی معیشت علم اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر اور شرح خواندگی میں اضافہ کیے بغیر ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔تقریب کے اختتام پر احسن اقبال نے تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے شرکا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔