کراچی(کورٹ نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کو جیل میں سہولیات نہ ملنے کے خلاف درخواست جیل حکام کی وضاحت کے بعد نمٹادی۔
ملزمہ انمول کو جیل میں سہولیات نہ دیئے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی جس دوران ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔
عدالت نے استفسار کیا ملزمہ کو جیل میں ادویات اور کپڑے کیوں فراہم نہیں کیے جاتے؟ جس پر ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیا ملزمہ نارمل کپڑے منگوا کر پہن سکتی ہے ہمیں اعتراض نہیں۔ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کا سول اسپتال سے علاج چل رہا ہے، سول اسپتال کے ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ویمن جیل حکام کے مقف کے بعد عدالت نے ملزمہ انمول کی درخواست نمٹا دی۔