اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان کسی بھی قسم کی کشیدگی سے ہمیشہ پاکستان کو آئینی، قانونی اور معاشی نقصان پہنچا ، ملک کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ "ہائبرڈ سسٹم” کو چلنا چاہئے، کیون کہ سویلین اور عسکری اداروں کا مل کر ملکی مفاد میں کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ ملک کو آئینی، معاشی اور سیاسی طور پر درست سمت میں رکھنا ضروری ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بہتری اور نجات ہے، اپوزیشن ماضی کی غلطیاں بھلا کر میثاق جمہوریت پر دستخط کرے، ماضی میں ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی مگر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی سے سیکھا ،ایوان کا تقدس یقینی بنانا ہر رکن کی ذمہ داری ہے
محمود اچکزئی تحریک انصاف کے درمیان بیٹھے عجیب و غریب لگتے ہیں،آئین اور جمہوری روایات کو جتنا بانی پی ٹی آئی نے نقصان پہنچایا کسی نے نہیں پہنچا یا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب اور پارلیمنٹ ہاﺅ س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایرانی صدر کا مختصر دورہ پاکستان، خطے میں پاکستان کے کردار کے اعتراف اور دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے اہمیت کا حامل تھا، دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، تجارت اور توانائی کے شعبوں میں پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان لینڈ روٹ کے ذریعے تجارت کو فروغ دیا جائے گا، جس سے اشیائے ضروریہ، تیل اور گیس کی ترسیل آسان اور سستی ہو سکے گی۔
مستقبل میں تیل کی پائپ لائن بچھانے سمیت متعدد منصوبوں پر بھی کام کیا جا سکتا ہے۔وزیردفاع نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان، پاک ایران تعلقات میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ایرانی قیادت و عوام پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم ہونے سے تجارت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صوبے کے پسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کے ذریعے خوشحالی آئے گی۔ بلوچستان کے عوام جانتے ہیں کہ تجارت کے فروغ سے ان کا معاشی مستقبل روشن ہو گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کا موجودہ مقام گزشتہ 78 برس کی تاریخ میں منفرد ہے اور پاکستان امن پسند ملک کے طور پر عالمی سطح پر ابھر رہا ہے۔ دو سال پہلے پاکستان کا نام دہشت گردی کے ساتھ جوڑا جاتا تھا، لیکن آج پاکستان کو امن کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں ہائبرڈ نظام چلنا چاہیے کیونکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان کسی بھی قسم کی کشیدگی سے ہمیشہ پاکستان کو آئینی، قانونی اور معاشی نقصان پہنچا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان میں پاکستان کی حالیہ پیش رفت پر صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کا احترام ہے لیکن وہ تحریک انصاف کے درمیان بیٹھے عجیب و غریب لگتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن ماضی کی غلطیاں بھلا کر میثاق جمہوریت پر دستخط کرے، ماضی میں ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی مگر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی سے سیکھا، میثاق جمہوریت کیا، 90 کی دہائی کی سیاست سب کے سامنے ہے، ایوان کا تقدس یقینی بنانا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی ایوان میں ماضی میں کشیدگی دیکھی اور دست و گریباں بھی ہوئے لیکن بے نظیر بھٹو شہید سے میثاق جمہوریت ہوا اور تعلقات بہتر ہوئے، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں ان سے بھی ہوئی ہیں، آج اپوزیشن والے میثاق جمہوریت کریں لیکن ماضی کے کارنامے مت بھولیں، شہباز شریف کل اپوزیشن لیڈر کے پاس گئے تھے، ماضی میں ایسا نہ تھا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئین اور جمہوری روایات کو جتنا بانی پی ٹی آئی نے نقصان پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، ان کی پارٹی کے اندر جمہوریت نہیں یہ کس جمہوریت کی بات کرتے ہیں، ان کے دور میں یہ اراکین ہم سے بات نہیں کرتے تھے کہ وہ ناراض نہ ہو جائے، تحریک انصاف نے پارلیمانی نظام اور سیاست کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کی کوئی روایات ہی نہیں، ایک شخص کے تابع ہو کر کوئی پارٹی نہیں چل سکتی جب کہ اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کا احترام ہے لیکن وہ تحریک انصاف کے درمیان بیٹھے عجیب و غریب لگتے ہیں۔