مصطفی عامر قتل کیس

مصطفی عامر قتل کیس ، مرکزی ملزم ارمغان کا عدالت میں نیا ڈرامہ

کراچی(کورٹ نیوز) مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان نے عدالت سے ایک انوکھی استدعا کرتے ہوئے وکیل کے بغیر ہی کیس چلانے کی درخواست کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں مصطفی عامر قتل کیس سمیت چھ مختلف مقدمات کی اہم سماعت ہوئی۔عدالت نے مرکزی ملزم کا باقاعدہ وکیل موجود نہ ہونے پر کیس کی کارروائی آگے بڑھانے سے صاف انکار کر دیا اور واضح کیا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں قانونی نمائندگی لازمی ہے۔جیل حکام نے سخت سیکیورٹی کے حصار میں مقدمے کے مرکزی ملزم ارمغان اور شیراز کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر ملزم ارمغان کی والدہ بھی عدالت میں موجود تھیں۔

سماعت کے دوران مرکزی ملزم ارمغان نے عدالت سے ایک انوکھی استدعا کرتے ہوئے وکیل کے بغیر ہی کیس چلانے کی درخواست کر دی۔ملزم نے بیان دیا کہ، "مجھے اپنے کیس کے لیے کسی بھی وکیل کی ضرورت نہیں ہے، استدعا ہے کہ وکیل کے بغیر ہی میری درخواستِ ضمانت پر سماعت کی جائے۔عدالت نے ملزم ارمغان کی اس استدعا کو مسترد کرتے ہوئے قانون کی بالادستی کو برقرار رکھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ "سزائے موت کی دفعات کے حامل سنگین مقدمات وکیل کی قانونی موجودگی اور معاونت کے بغیر ہرگز نہیں چلائے جا سکتے۔

یہ ملزم کا آئینی حق اور عدالتی طریقہ کار کا لازمی حصہ ہے۔عدالت نے مرکزی ملزم ارمغان کو سخت ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر اپنے وکیل کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں، یا پھر کسی دوسرے وکیل کی خدمات حاصل کریں۔بعد ازاں عدالت نے مصطفی عامر قتل کیس سمیت تمام 6 مقدمات کی سماعت 17 جون تک کے لیے ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں