اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ مصری وفد کا دورہ دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے میجر جنرل مجدی ہلال کی قیادت میں مصر کی وزارت داخلہ کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں بریگیڈیئر عصام ابو الخیر، بریگیڈیئر انجینئر محمد راضی اور بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد منیر بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم اور سیف سٹی منصوبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر نیشنل پولیس اکیڈمی اور مصر کی پولیس اکیڈمی کے درمیان افسران کی مشترکہ تربیت کیلئے تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مصر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستانی وفد جلد مصر کا دورہ بھی کرے گا، دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔