محسن نقوی

محسن نقوی اور شرجیل میمن کے درمیان ملاقات، وفاق اور سندھ میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز پر مبارکباد بھی دی۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس نے چیلنجنگ حالات میں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی کے لیے قابلِ ستائش کردار ادا کیا ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں