لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ کا بڑا حکم، ڈی پی او شیخوپورہ کو شوکاز نوٹس جاری

لاہور(کورٹ نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ غیر قانونی حراست کے کیس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی عدالتی حکم کے باوجود عدم پیشی کو سنگین حکم عدولی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے اور توہینِ عدالت کارروائی کے لئے وضاحت طلب کر لی ۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے سائلہ صبا صغیر کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا ، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ڈی پی او شیخوپورہ کو گزشتہ سماعت پر مبینہ مغویہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہونے کی واضح ہدایت کی گئی تھی، تاہم وہ عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کی عدم پیشی کی کوئی معقول وجہ بیان کی گئی۔

عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ ڈی پی او کا طرزِ عمل عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، لہذا انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور یہ وضاحت طلب کی جائے کہ ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ تحریری حکم کے مطابق عدالت نے مزید ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ مبینہ مغویہ کے ہمراہ ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوں، عدالت نے پولیس افسر کے رویے پر سخت ناراضگی کا اظہار بھی کیا، جبکہ کیس کی مزید سماعت 18 مئی 2026 تک ملتوی کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ یہ درخواست سائلہ صبا صغیر کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں مبینہ مغویہ کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں