لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے معذور کوٹہ پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی تعیناتی سے متعلق کیس میں تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے غیر معذور شخص کی معذور کوٹہ پر تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری افتخار احمد کی درخواست پر10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جسے عدالتی نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔فیصلے میں قرار دیا گیا کہ معذور کوٹہ پر غیر مستحق افراد کا تقرر معذور افراد کے آئینی و قانونی حقوق کی سنگین پامالی ہے، لہٰذاسرکاری ملازمتوں میں اس کوٹہ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی رپورٹ کے مطابق محمد یار کو غیر معذور قرار دیا جا چکا ہے، اس لیے وہ مذکورہ عہدے کے اہل نہیں رہے۔
عدالتی فیصلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ معذور کوٹہ کی خالی نشست کو قانون اور قواعد کے مطابق 60 روز کے اندر پر کیا جائے۔عدالت نے درخواست گزار افتخار احمد کی براہِ راست بحالی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ تقرری کا عمل قواعد کے مطابق ہی مکمل کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭