ویب ڈیسک
29 مئی، 2025
لاہور کے علاقے چوہنگ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں خاتون سے زیادتی میں ملوث تین ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ڈی ایس پی سی سی ڈی کے مطابق، پانچ مشتبہ ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملتان روڈ کی طرف جا رہے تھے۔ پولیس نے مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں رکنے کا اشارہ دیا، مگر ڈاکوؤں نے رکنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔
پولیس کے بیان کے مطابق، فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو مارے گئے جو غالباً اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے، جبکہ دو موقع سے فرار ہو گئے۔ مارے جانے والے افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
ابتدائی تفتیش سے یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے کہ مارے گئے ڈاکو ایک واردات کے دوران خاتون سے زیادتی میں بھی ملوث تھے۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور مشکوک اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔