باپ بیٹا

لاہور، 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشت گرد باپ بیٹا مبینہ مقابلے میں ہلاک

لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں بادامی باغ اور نواں کوٹ میں اہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشت گرد باپ بیٹا مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گرد لاہور میں فائرنگ کے بعد ایک سرکاری گاڑی لے کر فرار ہوگئے تھے۔

سی سی ڈی ماڈل ٹاﺅن پولیس، لاہور پولیس، شیخوپورہ پولیس سمیت دیگر ٹیمیں دہشت گردوں کی گرفتاری کےلئے تعاقب میں تھیں۔ شیخوپورہ راوی ریان کے قریب دہشت گرد گاڑی چھوڑ کر ایک گھر میں داخل ہوگئے اور گھر والوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔لاہور پولیس، سی سی ڈی ماڈل ٹاﺅن اور سی سی ڈی شیخوپورہ پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کےلئے آپریشن کیا۔

دہشت گردوں نے گرفتاری سے بچنے کےلئے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔دو طرفہ فائرنگ کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے نام سے ہوئی۔دہشت گردوں نے لاہور بادامی باغ میں سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد کو شہید کیا، جبکہ نواں کوٹ میں اہلکار حارث کو شہید اور 3 اہلکاروں کو زخمی کیا۔ زخمی اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔تیسرے فرار دہشت گرد کی گرفتاری کے لئے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں