لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی سرجری ہوئی اور نہ ڈرپ لگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے پاک بھارت میچ میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ میں امید سے زیادہ دعائوں پر انحصار ہے ،قومی ٹیم کی جیت کے لئے پھونک بھی ماروں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے فخرزمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فخر سے مجھے بہت امید تھی، اگر وہ چل جائے تو اکیلے ہی میچ جتواسکتا ہے ،صائم ایوب بھی اچھا کھیل رہے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ بھی ان فٹ ہوگئے، اب امیدیں فاسٹ بالر نسیم شاہ سے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو اشتہارات سے ہی فرصت نہیں ملتی، پہلے بابر بیٹنگ میں ہمارے کنگ ہوا کرتے تھے اور شاہین کی گھومتی ہوئی گیندوں سے لوگ ڈرتے تھے لیکن اب ایسا کچھ نہیں۔عظمی بخاری نے چیپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں جب ہمیں بدترین شکست ہوئی تو اس پر کہا گیا تھا کہ سرجری ہوگی لیکن قومی ٹیم کی سرجری ہوئی نہ ڈرپ لگی۔









