فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششیں تیز، پیشرفت کی امیدیں برقرار

اسلام آباد /تہران (نیوز ڈیسک)دورہ ایران پر موجود فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امریکا ایران مذاکرات کے سلسلے میں سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں ،بات چیت میں مثبت پیشرفت کی امید برقرار ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان ،چیف مذاکرات کار اور ایرانی اپرلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر ان کے ساتھ وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل سے ملاقات میں ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ قوم اور ملک کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، جنگ بندی کے دوران ایرانی فوج نے خود کو دوبارہ مضبوط کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران کا دورہ مکمل کرکے شیڈول کے مطابق چین جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا ایران ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں تہران پہنچے تھے۔تہران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پرتپاک استقبال کیا تھا جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی جنگ بندی کی تجاویز پر ایران اپنا ردِعمل دینے کے قریب ہے۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ایران میں موجود ہیں جو امریکا ایران مذاکرات سے متعلق اہم ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس سے قبل ایران میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام اور مغربی ایشیاء کی سیکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں