میکسیکو سٹی (سپورٹس نیوز )فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2-2 سے برابر رہنے والے میچ کے بعد ایرانی فٹبالر محمد موہبی کی گول جشن منانے کی ایک حرکت سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بن گئی۔
لاس اینجلس میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے میچ میں محمد موہبی نے ایران کا دوسرا گول اسکور کیا، جس کے بعد انہوں نے جشن مناتے ہوئے ہاتھوں سے فائرنگ جیسا اشارہ کیا، سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اس جشن کو امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی سے جوڑتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد موہبی نے اس تاثر کو مسترد کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ جشن اچانک ذہن میں آیا اور اس کا کوئی سیاسی مطلب نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک جشن تھا، میں نے اسے شائقین کے لیے کیا اور اس سے زیادہ کچھ نہیں۔
دوسری جانب ایران کے ایک اور گول اسکورر رامین رضائیان نے اپنے جشن کے دوران جرسی چہرے پر ڈال لی تھی، میچ کے بعد انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کے جشن کے پیچھے ایک پیغام تھا تاہم انہوں نے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔رامین رضائیان نے کہاکہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے لیکن میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا، ہم یہاں فٹبال سے متعلق سوالات کے جواب دینے آئے ہیں۔ادھر ایرانی ٹیم کو میچ کے بعد انتظامی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ایران کے ہیڈ کوچ امیر قلعہ نوئی نے دعوی کیا کہ ٹیم کو طے شدہ پروگرام کے برعکس فوری طور پر لاس اینجلس سے میکسیکو کے شہر تیخوانا میں اپنے بیس کیمپ واپس جانے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کو مقررہ وقت سے پہلے واپس بھیجنے کا فیصلہ مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے تاہم ایرانی کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ایران اپنے اگلے گروپ میچز میں بیلجیم اور مصر کا سامنا کرے گا جبکہ ٹیم کی نظریں ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے تک رسائی پر مرکوز ہیں۔