سان فرانسسکو،سیٹل (سپورٹس نیوز )فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے راﺅنڈ آف 32 کے ناک آﺅ ٹ میچ میں امریکا نے بوسنیا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، بیلجیئم نے سینیگال کو شکست دیدی ، انگلینڈ نے ڈی آرکانگو کو 1-2 سے شکست دیکر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
سان فرانسسکو میں کھیلے گئے میچ میں امریکا نے بوسنیا کو 0-2 سے شکست دی، امریکا کی جانب سے گول بیلوگن اور ٹلمین نے اسکور کیے۔اس کامیابی کے ساتھ امریکی فٹبال ٹیم ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں امریکا کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا۔ ایک اور میچ میں بیلجیئم نے سینیگال کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔سیٹل میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے سینیگال کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرایا۔مقررہ اور اضافی وقت کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں 2، 2 گول سے برابر رہی تھیں۔
تاہم بیلجیئم کی جانب سے فیصلہ کن گول اضافی وقت کے آخری لمحات میں ٹیلی مینس نے پنالٹی کک پر بنایا۔ بیلجیئم نے سینیگال کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ادھر انگلینڈ نے ڈی آر کانگو کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیکر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ رﺅ انڈ آف 32 کے میچ میں ڈی آر کانگو نے میچ کے ساتویں منٹ میں برتری حاصل کی، یہ گول سیپنگا نے کیا۔کانٹر اٹیک میں انگلینڈ کے کپتان اور اسٹار فٹبالر ہیری کین کو ڈی میں گرایا گیا لیکن انگلینڈ کو پنالٹی نہ مل سکی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک ڈی آرکانگو کی برتری برقرار رہی۔دوسرے ہاف کے 75 ویں منٹ میں ہیری کین نے ہیڈر کے ذریعے گیندکو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا، پھر 86 ویں منٹ میں ہیری کین نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو برتری دلوادی۔کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے میچ 1-2 سے جیت کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ہیری کین نے اس میچ میں ایک اہم سنگ میل بھی عبور کیا، انہوں نے 2 گول کرکے فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے کے 12 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ورلڈکپ مقابلوں میں ہیری کین کے مجموعی گولوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔اس سے قبل پانامہ کے خلاف میچ میں ہیری کین گول کرکے انگلینڈ کی جانب سے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ انگلینڈ کی جانب سے 117 بین الاقوامی میچوں میں 84 گول کرکے انگلینڈ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔