کراچی: نامور اداکار فیصل قریشی نے اپنے حالیہ ڈرامے راجا رانی پر ہونے والی مسلسل تنقید کا جواب دیتے ہوئے ناقدین کو ’لڑکھڑاتے ہوئے لوٹے‘ قرار دے دیا۔
اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈرامے میں ان کا کردار ایک حادثے کے بعد دماغی بیماری کا شکار دکھایا گیا ہے، لیکن لوگوں نے کہانی سمجھے بغیر ہی تنقید شروع کر دی۔ ان کے مطابق اب جب ناظرین ڈرامہ دیکھ چکے ہیں تو انہیں بہتر انداز میں معلوم ہے کہ پلاٹ اور کردار کس سمت جا رہے تھے۔
فیصل قریشی نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں یہ رجحان بڑھ گیا ہے کہ لوگ کسی بھی ڈرامے پر ابتدا ہی سے منفی تبصرے شروع کر دیتے ہیں۔ کبھی کسی کی عمر، کبھی جسمانی بناوٹ اور کبھی کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے ناقدین بالکل اس لوٹے کی طرح ہیں جو کسی بھی سمت لڑھک سکتا ہے۔








