فیصل آباد(ہیلتھ رپورٹر )فیصل آباد میں طبی غفلت کا انکشاف ہواہے، جہاں اوپن ہارٹ سرجری کے دوران مریض کے سینے میں قینچی چھوڑ دی گئی۔ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایم ایس ڈاکٹر ندیم کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی 22سالہ ثقلین کا آپریشن کیا گیا تھا۔ لیکن اسٹاف نرسز نے غفلت کرتے ہوئے اوپن ہارٹ سرجری کے دوران مریض کے جسم میں قینچی چھوڑ دی۔
تاہم 3 ہفتے تک تکلیف جھیلنے کے بعد دوبارہ آپریشن کر کے قینچی نکال لی گئی۔ایم ایس کاکہناہےکہ تحقیقات میں اسٹاف نرسز کی غفلت سامنے آئی۔جنہوں نے آپریشن کے بعد طبی آلات کی گنتی مکمل نہیں کی تھی جو کہ سنگین غفلت ہے۔ایم ایس کا مزید کہنا ہے کہ ذمہ دار دونوں اسٹاف نرسز کی خدمات اسپتال سے واپس لے لی گئی ہیں اور ان کے خلاف مزید کارروائی کےلئے سیکرٹری صحت کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔