ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ کیارا اڈوانی کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کی فلمی دنیا میں شمولیت کے لیے والدین کو راضی کرنے میں انہیں عامر خان کی فلم تھری ایڈیٹ سے کافی مدد ملی۔
2019ء کی فلم کبیر سنگھ کی اداکارہ کے لیے سال 2021ء اور 2022ء کافی یادگار ثابت ہوا، کیونکہ 2021ء میں انہوں نے فلم شیرشاہ میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا جس پر ان کے پرستاروں نے اسے بہت سراہا۔ اسی طرح 2022ء میں ان کی ‘جگ جگ جیو’ اور ‘بھول بھلیاں ٹو’ کافی کامیاب رہیں، دونوں نے سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا اور فلم بینوں نے ان فلموں کو بہت پسند کیا۔فلم تھری ایڈیٹ کے اپنی فلمی دنیا میں آنے کے لیے مدد دینے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیارا نے کہا کہ یہ قدرتی امر ہے کہ والدین اپنے بچوں کے فلم انڈسٹری میں قسمت آزمائی کے معاملے پر فکر و پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کچھ میرے ساتھ بھی تھا اور والدین چاہتے تھے کہ میں کسی اور پیشے میں جائوں۔ لیکن وہ بھی جانتے تھے کہ میں فلموں میں کام کی خواہش مند ہوں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے میں اسکول میں تھی جب میں اور پاپا تھری ایڈیٹ دیکھنے گئے تھے، آپ جانتے ہیں کہ فلمیں صرف تفریح کا ذریعہ نہیں یہ لوگوں کی زندگیوں کے لیے سبق آموز بھی ہوتی ہیں۔