اوگرا نے مہنگائی کے ستائے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اگست 2025 کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 17 روپے 74 پیسے کم کرکے 215 روپے 36 پیسے مقرر کی گئی ہے، جو جولائی کی 233 روپے فی کلو قیمت کے مقابلے میں واضح کمی ہے۔
اس فیصلے سے 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی 209 روپے 24 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد اب اگست کے لیے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2541 روپے 36 پیسے مقرر کی گئی ہے، جو کہ جولائی میں 2750 روپے 60 پیسے تھی۔
اوگرا کے مطابق یہ کمی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی طلب و رسد کی بنیاد پر کی گئی ہے، اور یہ فیصلہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔









