پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز نے عمران خان کی رہائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی اس وقت ممکن ہو گی جب فیصلہ کیا جائے کہ ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ایک سیاسی کیس ہے جس کا کوئی حقیقت نہیں، یہ صرف ہمیں مصروف رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا اور پاکستان جانتا ہے کہ عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر قید کیا گیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ان کی رہائی اس وقت ہی ممکن ہوگی جب حکمران ٹولہ یہ فیصلہ کرے گا کہ ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے، ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے، اور ملک کو یکجا رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثبت پاکستان چھوڑ کر جانا ہے۔ اگر حکمران فیصلہ کر لیں کہ ملک کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تو عمران خان کی رہائی یقینی ہو جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی صرف عوام کو خوش رکھنے کی ایک ناکام کوشش ہے، اس پر ہم پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے اور حکومتی دعووں کو بے نقاب کریں گے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ پارٹی کی قیادت اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور ہمارے فیصلے مکمل ہو چکے ہیں۔