راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِاعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں اپنی بہنوں سے ملاقات کے دوران واضح پیغام دیا کہ انہیں قیدِ تنہائی، دباؤ یا سودے بازی سے جھکایا نہیں جا سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ کسی بھی قیمت پر اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
علیمہ خان نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کئی ماہ بعد بہنوں کو اکٹھے ملاقات کا موقع ملا۔ ان کے مطابق عمران خان کی صحت بہتر ہے لیکن آنکھ کے علاج کے لیے عدالت میں درخواست دی گئی ہے۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ظلم و زیادتی کی اصل ذمہ داری عدلیہ پر ہے۔
عمران خان نے گفتگو کے دوران ملک میں جاری گرفتاریوں کو ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ افغان شہریوں کو ملک بدر کرنا اسلامی اقدار کے خلاف ہے۔ انہوں نے وزیرستان میں جاری آپریشن کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا اور بونیر سمیت متاثرہ علاقوں میں سیلابی تباہ کاری پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
پی ٹی آئی کے بانی نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ ضمنی انتخابات کا حصہ نہ بنیں اور پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے انتخابات میں شامل ہونا موجودہ نظام کو جواز فراہم کرنے کے مترادف ہوگا۔









