لاہور کی کینٹ کچہری میں معروف اداکارہ نازش جہانگیر کے خلاف استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ان کی ذاتی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
سماعت کے دوران اداکارہ کے وکیل کی جانب سے ان کی صحت کی خرابی کا مؤقف اپناتے ہوئے حاضری سے استثنا کی درخواست جمع کروائی گئی۔ وکیل نے مؤقف دیا کہ نازش جہانگیر اسپتال میں داخل ہیں، اس لیے ایک دن کی مہلت دی جائے۔
عدالت نے اداکارہ کی ایک روزہ غیر حاضری کی درخواست منظور کرتے ہوئے، اگلی پیشی پر ان کی حاضری لازمی قرار دے دی اور ان کے بیماری کا اصل میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی۔
یہ کیس اداکار اسود کی جانب سے دائر کیا گیا ہے، جن کی نمائندگی چوہدری بابر ایڈووکیٹ کر رہے ہیں۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ نازش جہانگیر نے ایک مخصوص رقم وصول کی تھی، مگر وہ رقم واپس نہیں کی گئی۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نازش جہانگیر کے خلاف "امانت میں خیانت” اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔