لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ اگر کوئی شہری کسی مقدمے میں بری ہو جائے یا مقدمہ خارج کر دیا جائے، تو اس کا اندراج پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں نہ کیا جائے۔
یہ فیصلہ تھانہ نواں کوٹ لاہور میں درج پتنگ بازی ایکٹ کے تحت ایک مقدمے میں بری ہونے والے شہری عبدالرحمٰن فریاد کی درخواست پر سنایا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر کوئی شہری الزامات سے باعزت بری ہو جائے اور ریاست کی طرف سے اپیل بھی نہ کی جائے تو اسے مکمل طور پر بے گناہ تصور کیا جائے گا۔
تھانہ نواں کوٹ میں درج مقدمے میں بری ہونے پر شہری کے کریکٹر سرٹیفکیٹ میں مقدمے کا ذکر نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ فیصلے کے مطابق اگر کوئی شہری بری ہوجاتا ہے تو اس کا ریکارڈ سرٹیفکیٹ پر درج نہیں ہوگا۔
عدالت نے کہا کہ سابقہ خارج شدہ یا بریت والے مقدمات کا ذکر شہری کے کردار سرٹیفکیٹ میں کرنا آئینی و انسانی حقوق کے خلاف ہے اور یہ شہری کی سماجی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔









