کراچی(نیوز ڈیسک )انسان دوست اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی زندگی وقف کر دینے والی معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی10 ویں برسی بدھ کے روز عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں خدمتِ خلق اور انسانیت کی روشن مثال قرار دیاہے ۔اپنے بیان یں صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ایدھی نے اپنی زندگی غریبوں اور بے سہارا افراد کی خدمت کےلئے وقف کی جبکہ دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک قائم کرنا ان کا عظیم کارنامہ ہے۔صدر زرداری کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی قومی فخر اور انسانیت کی لازوال علامت ہیں اور ان کی شفقت اور انسان دوستی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے گا۔
دریں اثناء اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمت خلق کی داعی شخصیت بلا شبہ قوم کے لئے باعث فخر اور قومی اثاثہ ہے، انکی گراں قدر قومی و فلاحی خدمات پر انکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے مسائل کے حل کے سماجی پہلوں کو اجاگر کیا، انکی بیش قدر خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا غیر معمولی حصہ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہیں انہوں نے ثابت کیا کہ ہر شخص اپنے تئیں معاشرتی اصلاح میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات معاشرے میں احساس، رواداری، باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں، ان کی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ واضح رہے عبدالستار ایدھی جنہوں نے بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کرتے کرتے عمر گزاری اور ان کی سماجی خدمات کا لگایا گیا پودا ایدھی فاونڈیشن کے نام سے تناور درخت بن چکا ہے جو پورے پاکستان میں ریسکیو، ایمرجنسی آپریشن کرنے کے ساتھ غریب لاچار افراد کی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام بھی چلا رہا ہے۔
عبد الستار ایدھی 28 فروری 1928 کو بھارتی ریاست گجرات کے بانٹوا شہر میں پیدا ہوئے، قیامِ پاکستان کے بعد 1947 میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کرکے کراچی میں آباد ہوئے، 1951 میں عبد الستار ایدھی نے انسانیت کی خدمت کا آغاز ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے کیا، اور پھر "ایدھی ٹرسٹ” کی بنیاد رکھی، جو بعد میں ملک گیر فلاحی نیٹ ورک میں تبدیل ہوگیا۔انہوں نے بلا تفریق دکھی انسانیت کی خدمت کی، اور خدمت کا یہ سلسلہ ان کی وفات کے بعد بھی جاری ہے، دکھی انسانیت کی خدمات کے اعتراف میں عبدالستار ایدھی کو 1989 میں حکومت پاکستان کی جانب سے نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔
دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس چلانے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے، 8 جولائی 2016 کو عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے کے سبب 88 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔عبدالستار ایدھی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کراچی میں سپرد خاک کیا گیا، انسانیت کیلئے ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔